کاغذات نامزدگی جمع نہ کرنے کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت
جسٹس علی باقر نجفی آج دوپہر ایک بجے درخواستوں پر سماعت کریں گے۔ عدالت نے درخواستوں پر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ حماد اظہر سمیت دیگر نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا
خیال رہے کہ عدالت نے ریٹرننگ افسران کو چوہدری پرویز الہیٰ، مونس الہی اور حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا حکم دیا تھا۔
گذشتہ سماعت کے دوران جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا تھا کہ ’آپ کو سپریم کورٹ کے آرڈر کا پتہ ہے؟‘ جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل الیکشن کمیشن نے جواب دیا تھا کہ ’جی ہم نے چیف سیکریٹری، تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو خطوط لکھے۔‘
جسٹس علی باقر نجفی نے ریمارکس دیے تھے کہ ’تمام انتظامیہ الیکشن کمیشن کے انڈر ہے۔ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات استعمال کرے۔‘
انھوں نے زور دیا تھا کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کے لیے اقدامات کرے اور ’شکایات انتہائی سنجیدہ نوعیت کی ہیں۔‘
عدالت نے واضح کیا تھا کہ ’اگر عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا تو ڈی پی اوز اور آر اوز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں۔‘
ادھر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاہور نے صوبائی الیکشن کمشنر کے ساتھ محکمہ پولیس کی آر اوز کے کام میں ’کھلی مداخلت‘ کا ذکر کیا ہے۔ ان کے خط میں چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کے ساتھ فوری طور پر معاملہ اٹھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
ضلعی الیکشن کمشنر لاہور عبدالودود خان نے کہا ہے کہ ’لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً پولیس کی جانب سے آر اوز کے کام میں کھلی مداخلت کی بہت سی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
’تحریری شکایات اور ٹیلی فون پر متعدد رابطوں کی کوششوں کے باوجود کسی قسم کے ازالے کی تدبیر نہیں کی۔