ڈسکہ میں تین خاندانوں کے 9 افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے
تین سیاسی خاندانوں کے 9 افراد نے پنجاب کے شہر ڈسکہ کی ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں میں 12 کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
ڈسکہ کا ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں میں کاغذات نامزدگی کے حوالے سے دلچسپ صورتحال سامنے آئی ہے جن میں تین خاندانوں کے نو افراد نے بارہ کاغذات نامزدگی داخل کروا کر تین حلقوں کو اپنی سیاسی جاگیر بنانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔
ان تین خاندانوں میں سرفہرست مرحوم ن لیگی ایم این اے ظاہر شاہ کا خاندان ہے جن کے 5 افراد تینوں حلقوں سے امیدوار ہیں۔ ان میں بیٹی سیدہ نوشین، اہلیہ شمسہ سلیم بخاری، بیٹا عطا الحسن، دو کزن حسنات شاہ اور فیصل شاہ ہیں۔
دوسرے نمبر پر بھلو والی کے چوہدری اشرف کا نمبر ہے جس کے دو سابق ن لیگی ایم پی اے بیٹے جمیل اشرف اور نوید اشرف قومی اور صوبائی دونوں حلقوں سے امیدوار ہیں اور تیسرے نمبر پر رانا اشرف کے بیٹے اور پیپلز پارٹی کے رانا محمود اشرف اور رانا فاروق اشرف ہیں جنہوں نے قومی اور صوبائی حلقوں میں الگ الگ دو دو کاغذات نامزدگی داخل کرائے ہیں۔
یاد رہے کہ این اے 73 وہی حلقہ این اے 75 ہے جس میں صرف 50 دنوں کے وقفے سے دو بار ضمنی انتخاب ہوا تھا اور 20 پریزائیڈنگ افسران لاپتہ ہو گئے تھے۔ اس حوالے سے دھند کا بھی بہت چرچا ہوا تھا اور وہی دھند اس حلقے کی آج بھی بین الاقوامی شہرت کا باعث ہے۔