میری دشمنی میں مُلک کو کیوں نشانہ بنایا، میرے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کے لیے نیب پر دباؤ ڈالا گیا‘: نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے جمعرات کو قوم سے خطاب کے دوران کہا کہ ’چھ سال بعد میری بے گُناہی کی تصدیق ہو چُکی ہے۔‘اپنے خطاب کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ ’اس شرمناک کھیل کے سارے چہرے بے نقاب ہو چُکے ہیں، لیکن دُکھ اس بات کا ہے کہ نا میں وقت کو پیچھے لے کر جا سکتا ہوں اور نا بچھڑ جانے والوں کو واپس لا سکتا ہوں۔‘سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر نواز شریف نے انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’ ’کسی لاڈلے کو لانے کے لیے پاکستان کو سزا کیوں دی گئی؟ میری قوم اور مُلک کو کیوں سزا دی گئی؟ میں مسلسل چھ سال یہ سوچتا رہا ہوں کے مُجھ سے دشمنی کرنے والوں نے مُلک کو کیوں نشانہ بنایا۔‘اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’اپنے خلاف ہونے والی منظم سازش بیان کروں تو بہت وقت لگے گا، بس یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ میرے خلاف سازش کا آغاز 2014 کے دھرنوں سے ہوا تھا، جس کے بعد نیب کو تین ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا۔‘میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’آپ کو تو مُجھ سے بھی زیادہ سنگین اور سخت سزا دی گئی، آپ سب کو تو کھانے پینے کی چیزوں، ادویات اور حتیٰ کے اس مُلک کے نوجوانوں سے تو روزگار تک چھین لیا گیا۔‘اُن کا مزید کہنا تپا کہ’ہم نے اس مُلک اور قوم کو آئی ایم ایف سے چھٹکارا دلوایا مگر میرے جانے کے بعد ملک کو دوبارہ اس میں دھکیل دیا گیا، ملک کو کیوں معاشی تباہی میں دھکیل دیا گیا، جو ہمارے دور میں 6.1 فیصد شرح ترقی کر رہا تھا۔‘نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’اللہ نے مجھے سرخ روح کیا ہے اور مُجھ پر ہونے والے سارے مقدمے جھوٹے نکلے ہیں، ن لیگ کا ہر کارکن مبارکباد کا حق دار ہے، عوام کا شکریہ کہ انھوں نے مجھے دعاؤں میں یاد رکھا، عوام کی دعاؤں نے مجھے ہمیشہ حوصلہ دیا۔‘