ایران اور شام کے مفاہمت کی کئی یاد داشتوں پر دستخط
ایران اور شام کے اعلی حکام نے ہفتے کے روز ایران کے نائب صدر محمد مخبر اور شام کے وزیر اعظم حسین آرنوس کی موجودگی میں تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ ارنوس نے مخبر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران کا دورہ دو مقاصد کے ساتھ کیا گیا ہے، پہلا یہ کہ ہم ایران کے صدر کے دمشق کے دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں کے نتائج کا جائزہ لینے کے لئے ایران آئے ہیں اور دوسرا مقصد ایران اور شام کی مشترکہ اقتصادی کمیٹی کے 15ویں اجلاس کا انعقاد تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم شامی قوم کے خلاف ظالمانہ جنگ میں ایران کی حمایت کو فراموش نہیں کریں گے، میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سپریم قیادت اور حکام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کے معاون نے کہا کہ ہم نے غزہ میں اسرائیل اور امریکہ کے جنگی جرائم کے بارے میں بات چیت کی۔آج آزاد دنیا کو ان جرائم پر ردعمل کا اظہار کرنا چاہیے لیکن بدقسمتی سے عالمی برادری خاموش ہے، تاہم مسلم ممالک کو چاہیے کہ وہ ان سانحات کو روکیں اور ان جرائم کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔انہوں نے ایران اور شام کے درمیان باقاعدہ جہاز رانی کے قیام اور نقل و حمل کو فروغ دینے کے معاہدے کو شام کے وزیر اعظم کے ساتھ مذاکرات کی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد تجارتی معاہدے کی دستاویز پر دستخط کے ساتھ ہی ایران اور شام کے درمیان تجارتی ٹیرف میں قابل قدر کمی واقع ہوئی ہے۔