مسلم لیگ ن کا چھوٹی سیاسی جماعتوں سے اتحاد، وجہ عمران خان کی مشترکہ مخالفت یا مجبوریاں

0b256ff0-9571-11ee-be22-4968d6e64bf4.jpg

چھ دسمبر بدھ کے روز، جب مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف لاہور میں مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین کے گھر لگ بھگ 14 برس بعد ملاقات کے لیے پہنچے تو کئی سوالات سیاسی کینوس پر اُبھر آئے۔

اکتوبر میں میاں نواز شریف کی لندن سے واپسی پر اُن کی جماعت نے ملک گیر استقبال کی تیاریاں اس نعرے کے ساتھ کیں کہ عوام انھیں ’آخری اُمید‘ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

اس سے یہ خیال پیدا ہوا کہ میاں نوازشریف مسلم لیگ ن کے ناراض اور مایوس کارکنان کو اپنی طرف جہاں واپس لائیں گے، وہاں ووٹرز کے اندر نئی جان بھی ڈال دیں گے۔

یوں ان کا استقبال ایک بڑے عوامی اجتماع سے ہوا۔ مگر پھر آہستہ آہستہ دیکھنے کو ملا کہ میاں نواز شریف اور اُن کی جماعت بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں چھوٹی جماعتوں سے انتخابی اتحاد، جوڑ توڑ اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرتی دکھائی دی۔
واضح رہے کہ انتخابات سے قبل، سیاسی جوڑ توڑ، چھوٹی و بڑی سیاسی جماعتوں سے اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ سیاسی جماعتوں کی حکمتِ عملی کا حصہ رہتا ہے۔

مگر مسلم لیگ ن کی ایسی روایت نہیں رہی ہے۔

یہ خیال کہ میاں نوازشریف واپس آ کر مسلم لیگ ن کے ووٹرز میں نئی روح پھونک کر ایک ایسا انتخابی ماحول بنا کر ثابت کر دیں گے کہ مسلم لیگ ن ہی ملک کی سب سے زیادہ مقبول جماعت ہے، اس قدر درست ثابت نہیں ہوا۔ اس نے کئی خدشات و سوالات نے جنم دیا ہے۔

بنیادی سوال یہی ہے کہ ایسے ماحول میں جہاں ان کے سب سے بڑے حریف بانی تحریک انصاف عمران خان جیل میں ہیں اور ان کی پارٹی زیرِ عتاب ہے، کیا مسلم لیگ ن اس کے باوجود گھبراہٹ کا شکار ہے، یا اس بار اس جماعت نے ووٹر اور نواز شریف کے درمیان پیدا ہونے والے خلا کو پُر کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی تبدیل کی ہے۔

بڑی سیاسی جماعت کو چھوٹی سیاسی جماعتوں کی ضرورت کیوں؟

میاں نواز شریف کی جماعت نے جہاں بلوچستان کی باپ و دیگر پارٹیوں کے الیکٹ ایبلز کو اپنے ہاں جگہ دی وہیں سندھ کی سیاست میں ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور جمعیت علمائے اسلام ف کے ساتھ اتحاد کیا۔

اسی طرح پنجاب کی سطح پر الیکٹ ایبلز کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ مسلم لیگ ق کی طرف ہاتھ بڑھایا۔ علاوہ ازیں بعض انتخابی حلقوں میں مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی باتیں عام ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن اور ق لیگ میں دو قومی اور تین صوبائی سیٹوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاقِ رائے ہوا ہے۔

اگر زمینی حقائق کو دیکھا جائے تو مسلم لیگ ن کو ریلیف ملنے کا قوی احساس ہوتا ہے۔ اس ریلیف نے میاں نواز شریف کو اسٹیبلشمنٹ کے نئے لاڈلے کے تاثر سے ہمکنار کر دیا ہے۔

مسلم لیگ ن کھل کر انتخابی مہم چلاتی پائی جا رہی ہے مگر اس کی سب سے بڑی حریف جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کو کریک ڈاؤن کا سامنا ہے۔ دوسری طرف میاں نوازشریف سمیت کئی رہنماؤں کو عدالتی سطح پر بھی ریلیف ملا ہے۔

ہر طرح کے ریلیف اور سازگار ماحول کے باوجود مسلم لیگ ن چھوٹی سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر انتخابی میدان میں کیوں اُترنے کی تیاری کررہی ہے؟

مسلم لیگ ن کا دعویٰ ہے کہ وہ پنجاب کی سب سے مقبول جماعت ہے تو پھر وہ ق لیگ سے اتحاد پر کیوں مجبور ہے؟ اس پر سیاسی تجزیہ کار حسن عسکری رضوی کہتے ہیں ’مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ مختلف جماعتوں کے ساتھ انڈر سٹینڈنگ زیادہ ضروری ہے۔

’ق لیگ منقسم ہے اور چوہدری شجاعت پی ڈی ایم کا حصہ بھی رہے ہیں۔ اس لیے اُن سے ملاقات کی گئی۔ تاہم اس پہلو سے انکار نہیں کہ مسلم لیگ ن کے لیے اصل چیلنج پنجاب اور اصل خطرہ پاکستان تحریکِ انصاف ہے۔‘

سینیئر تجزیہ کار اور انتخابی اُمور کے ماہر سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ ’اس وقت مسلم لیگ ن کی حکمت زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ساتھ ملا کر چلنے کی ہے۔ جیسے بلوچستان سے بلوچوں کو۔‘

ان کا خیال ہے کہ یہ ’ایک اچھی اور بہترین پالیسی ہے۔‘

تاہم سیاسی تجزیہ کار پروفیسر فاروق حسنات کا مؤقف مختلف ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’نواز شریف سمجھتے تھے کہ وہ ملک میں واپس آئیں گے تو ہر طرف سے ریسپانس ملے گا۔ مگر ایسا نہ ہوسکا۔ اس وقت پنجاب کی سیاست میں چوہدری شجاعت اور اُن کی جماعت کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔’ان کے پاس جو ایک دو سیٹیں ہیں، وہ تو اس وقت اُن پر بھی کمزور ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ میاں نوازشریف سے کہہ رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں اور جماعتوں کو ساتھ شامل کریں۔‘

 

مسلم لیگ ن کی ملک گیر مقبولیت کیا اب بھی سوالیہ نشان؟

ن لیگ کا خیال تھا کہ میاں نواز شریف کی ملک میں واپسی جماعت کی مقبولیت میں اضافہ کرے گی۔

اُن کا خیال تھا کہ عمران فیکٹر اور سولہ ماہ کی حکومت کے دوران مہنگائی اور بدترین گورننس کا ملبہ ن لیگ پر پڑا ہے۔ یوں نواز شریف مسلم لیگ ن کے کھوئے ہوئے اعتماد کو بحال کریں گے۔

لیکن نوازشریف کی واپسی کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے صوبائی سطح پر مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کی صورت، میدان میں اُترنے کے عمل نے اَسی کی دہائی کی آئی جے آئی کی تشکیل کی یاد تازہ کر دی ہے۔

مگر اُس وقت اور آج کے حالات قطعی مختلف ہیں۔ اُس وقت میاں نوازشریف کو اسٹیبلشمنٹ کی آشیر باد تو حاصل تھی مگر چیلنج بے نظیر کی شکل میں تھا۔

اس وقت پیپلزپارٹی اور اُن کے ووٹرز کا ویسا چیلنج تو نہیں مگر ہاں پنجاب میں عمران خان اور اُن کے ووٹرز کا چیلنج ضرور ہے۔

اس ضمن میں پروفیسر فاروق حسنات کہتے ہیں کہ ’نواز شریف کو باہر نکلنا چاہیے تھا۔ وہ ووٹرز کے پاس جاتا، تقریریں کرتا، اپنے منشور کو واضح کرتا۔

’مگر اس نے ایسی پارٹیوں کا سہارا ڈھونڈنا شروع کر دیا ہے، جن کو خود سہارے کی ضرورت ہے۔‘

جبکہ سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ ’نواز شریف بیٹھ کر مضبوط پلاننگ کے ساتھ تیاری کر رہے ہیں۔ وہ ٹکٹیں دے رہے ہیں اور جب وہ ووٹرز میں نکلیں گے تو انتخابی ماحول بھی پیدا کر دیں گے۔

ان کی پیشگوئی ہے کہ ’عوام ان (نواز شریف) کے گرد جمع ہو جائے گی۔‘

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے