چلاس میں افسوسناک واقعہ دہشتگردوں کیساتھ نرم گوشہ رکھنے کا نتیجہ ہے، کاظم میثم
اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم نے کہا ہے کہ ہڈور چلاس میں دہشتگردوں کی طرف سے مسافر بس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ افسوسناک واقعہ دہشتگردوں کے ساتھ نرم گوشہ رکھنے کا نتیجہ ہے۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام سکیورٹی اداروں کو سیکیورٹی خدشات پر شواہد کیساتھ بروقت آگاہ کیا تھا لیکن اسے سیاسی رنگ دیا گیا۔ گلگت بلتستان میں گزشتہ دو ماہ میں دہشتگردی کے واقعات پیش آئے لیکن اسے چھپایا گیا، پتریت میں دوران آپریشن ایس ایچ او کو شہید کرنے والے دہشتگرد کو جائے پناہ نہ ملتی تو آج یہ واقعہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح جتھوں کو آزادی اور عوامی حقوق پر بات کرنے والوں شیڈول فور میں ڈالا جائے تو امن ناپید ہوجاتا ہے۔ شرپسندوں اور دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نہ نمٹا جائے تو جی بی کے امن و امان مزید خراب ہوسکتا ہے۔ کاظم میثم کا کہنا تھا کہ جس وزیراعلٰی کو اپنے آفس سے کی جانے والی جعل سازی کا علم نہ ہو اس حکومت سے سکیورٹی کی کیا توقع رکھنا عبث ہے۔ ہم نے شاہراہ قراقرم کو محفوظ بنانے اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی کی گزارش بذریعہ خط کی تھی، لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ حالیہ افسوسناک واقعہ ان دنوں پیش آتا ہے جب پورا گلگت بلتستان گندم ایشو اور دیگر حقوق کے لیے سڑکوں پر ہے، عوام ہشیار رہیں اور متحد رہیں، خطے میں فرقہ واریت کی بھی آگ بڑھکانے کی کوشش ہو رہی ہے، متحدہ اپوزیشن اس مشکل وقت میں سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔