تاجروں نے وزیر اعظم کو عمران خان سے متعلق اہم مشورہ دے دیا
کراچی کی بزنس کمیونٹی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہاتھ ملانے کا مشورہ دے دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک روزہ دورے کے موقع پر کراچی میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی، جہاں تاجر کمیونٹی کے نمائندہ عارف حبیب نے وزیر اعظم کو کہا کہ آپ نے پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہاتھ ملایا، ایک ہاتھ آپ بھارت سمیت پڑوسیوں سے ملائیں، دوسرا ہاتھ آپ اڈیالہ جیل کے باسیوں سے ملائیں۔
عارف حبیب نے وزیر اعظم شہباز شریف کو کہا کہ آپ نے اسٹاک مارکیٹ کو ریکارڈ سطح پر پہنچایا، یہ کام صرف آپ کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعظم نے تاجروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہماری توجہ انڈسٹری اور ایکسپورٹ بڑھانے پر ہے،ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر سب کو اکٹھا ہونا ہوگا۔تاجر برداری سے مل کر بہت خوشی ہوئی، تاجر برادری پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،صوبوں میں مختلف جماعتوں کی حکومتیں ہیں۔ ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں کس کی حکومت کہاں ہے، ہمیں ذاتی پسند نہ پسند سے بالاتر ہوکر اکٹھا ہونا چاہیے، پاکستان کے بہترین مفاد میں اکٹھے ہوجائیں۔
وزیر اعظم نے تاجروں کو تہیہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 5برس میں برآمدات کو دگنا کریں گے،ہمیں ملکی مسائل کا ادراک کرنا ہوگا، مشکلات کو چیلنج سمجھ کر مقابلہ کریں گے، ہمیں اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہے، ہمیں انڈسٹری کو مضبوط اور ایکسپورٹ کو بڑھانا ہے، تاجروں کے مشوروں سے اچھی پالیسی بنائیں گے۔