پاکستان میں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث؛ امریکی ردعمل آگیا
واشنگٹن: پاکستان نے اپنے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کرتے ہوئے 2 بھارتی ایجنٹوں کو بے نقاب کیا تھا جس پر آج امریکا کا ردعمل سامنے آگیا۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافی نے پاک بھارت کشیدگی اور وزیر خارجہ انتونی بلنکن کی اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق سوالات کیے۔
ایک صحافی نے پوچھا کہ انتونی بلنکن اور اسحاق ڈار کے درمیان گفتگو میں پاک بھارت کشیدگی پر بھی کوئی بات ہوئی؟ کیوں کہ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس کے درجنوں شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی حکومت ملوث ہے۔ امریکا اس صورتحال کو کیسے دیکھتا ہے؟جس پر ترجمان امریکی وزات خارجہ میھتیو ملر نے جواب دیا کہ ہم اس مسئلے کے بارے میں میڈیا میں آنے والی خبروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن فی الحال پاکستان کے بھارت پر اس الزام پر کوئی تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔