اسمارٹ واچز ڈپریشن کے علاج میں انقلاب برپا کر سکتی ہیں، تحقیق
حالیہ ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اسمارٹ واچز ڈپریشن کے علاج میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہیں اور نیند کے روایتی افعال کو بہتر بنانے کے علاوہ ڈپریشن (افسردگی ) کے حوالے سے قیمتی معلومات فراہم کر سکتی ہیں۔امریکا کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائیکالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر جوشوا کرٹس نے ڈپریشن کے مریضوں کے لیے ادویات کے علاوہ کلائی پر پہننے والی اسمارٹ واچز کی ٹیکنالوجی کی صلاحیت پر تفصیلی روشنی ڈالی ہے۔انہوں نے وضاحت کی ہے کہ اسمارٹ واچز سے غیر فعال سینسر ڈیٹا کا تجزیہ کرکے، معالجین انفرادی طور پر مریضوں کی دماغی حالت کی بنیاد پر علاج کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں اور تیار کرسکتے ہیں۔
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں میساچوسٹس جنرل اسپتال (ایم جی ایچ) کے ان مریضوں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا گیا ہے جنہوں نے ایمپاٹیکا ای 3 کلائی بینڈ پہنے ہوئے تھے۔کلائی پر باندھے ان آلات نے مختلف جسمانی علامات کو ٹریک کیا ، جیسے نیند دیگر جسمانی حرکات، دل کی دھڑکنوں میں اتار چڑھاؤ وغیرہ۔ کرٹس نے نوٹ کیا کہ نیند، جسمانی سرگرمیوں کی سطح اور معاشرتی رویوں میں تبدیلیاں سب افسردگی کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔سینسرز سے لیس اسمارٹ واچز اور اسمارٹ فونز ان علامات کی مؤثر طریقے سے نگرانی کرسکتے ہیں، جو ڈاکٹروں کو اپنے مریضوں کی ذہنی صحت کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرتے ہیں۔
مطالعے میں وضاحت کی گئی ہے کہ ٹیکسٹ میسجنگ ایپ کے استعمال سے متعلق اعداد و شمار کی جانچ پڑتال کرکے، معالجین مریض کی سوشلائزیشن کی سطح کا بھی اندازہ کرسکتے ہیں۔کرٹس نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ غیر فعال سینسر ڈیٹا علاج سے متعلق فیصلہ سازی اور مریض کی رپورٹس کی تکمیل کرتا ہے، جو فرد کی حالت کی زیادہ جامع تشریح فراہم کرتا ہے۔کلینیکل پریکٹس میں یہ اعداد و شمار ڈاکٹروں اور مریضوں کے مابین تعلق اور علاج میں بے حد مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر اعداد و شمار جسمانی سرگرمیوں کی کم نشاندہی کرتے ہیں تو، معالجین مریض کے بارے میں تھکاؤٹ یا انہیڈونیا (زندگی میں لطف اندوزی کی کمی) جیسی ممکنہ وجوہات کا پتہ لگا سکتے ہیں۔