تحریک انصاف اور مجلس وحدت کا سیاسی الحاق ” علما کرام و مشائخ عظام کی راجہ ناصر کو مبارکبادیں
پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ نو منتخب اراکین اسمبلی کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کے فیصلے پر مختلف مکاتب فکر کے علما کرام و مشائخ عظام نے ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں مبارکباد دی ہے۔
مرکزی متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور جماعت اہل حرم پاکستان کے سر براہ مفتی گلزار نعیمی سمیت دیگر اکابرین نے اس فیصلے کو ملکی ترقی و استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔علماء کرام نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا قیام شیعہ سنی افرادکی مشترکہ اور بے مثال جدوجہد کے نتیجہ ہے۔
پاکستان کے قیام کے لیے خطے میں بسنے والے ہر فرد نے بلاتخصیص مذہب و مسلک کردار ادا کیا ۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا تعلق ملت تشیع سے تھا اور ان کی قیادت میں مسلمانان ِبرصغیر اپنے الگ وطن کے حصول کے لیے ایک سیسہ پلائی ہوئی قوم بنی رہی ۔ آج اس ملک کی حفاظت کے لیے بھی تمام مکاتب ِفکر متحد ہیں۔ہم نے مل کر پاکستان بنایا تھا اور مل کر ہی اسے عالمی استعماری سازشوں سے بچائیں گے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رابطے کرنے والے علما ء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی ترقی میں آپ سب کا ساتھ ہمارے عزم و استقامت میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔