عالمی برادری غزہ سے متعلق اپنی ذمہ داریاں نبھائے: او آئی سی
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی فوجی جارحیت اور غزہ کے جنوب میں واقع رفح شہر پر اندھا دھند حملوں میں اضافے کی شدید مذمت کی ہے۔ان حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں فلسطینی جان سے جا چکے ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔ رفح میں 15 لاکھ سے زیادہ فلسطینی مقیم ہیں اور وہاں زندگی کی بنیادی ضروریات کا بھی فقدان ہے۔
او آئی سی نے بدھ کو ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے حکم کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل نے جارحیت میں اضافہ کیا جو ’نسل کشی کے جرم کا تسلسل، غزہ پٹی میں انسانی مصائب میں اضافے اور فلسطینی عوام کو زبردستی بے دخل کرنے کی ناقابل قبول کوشش ہے۔‘بیان میں کہا گیا کہ آئی سی جے نے ’قابض طاقت‘ اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا سے متعلق کنونشن کے آرٹیکل 2 کے دائرہ کار میں تمام کارروائیوں کے ارتکاب کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
او آئی سی نے مشرقی مقبوضہ بیت المقدس سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں، ان کی زمینوں، املاک اور مقدس مقامات کے خلاف ’انتہا پسند آبادکار گروہوں اور قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری حملوں، اشتعال انگیزی اور منظم دہشت گردی کی بھی مذمت کی۔او آئی سی نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو جامع انداز میں ختم کرنے اور غزہ کی پٹی تک انسانی امداد کی غیر مشروط فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔