پاک ایران کشیدگی کا اسٹاک مارکیٹ پر اثر،20 ارب روپے ڈوب گئے، ڈالر مزید سستا
کراچی: پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال اور سیاسی افق پر غیر تسلی بخش صورتحال سے سرمایہ کاروں کے محتاط طرز عمل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 63700 اور 63600 پوائنٹس کی 2سطحیں گرگئیں۔
مندی کے سبب 61.14 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 20 ارب 69 کروڑ 01 لاکھ 53 ہزار 907 روپے ڈوب گئے، کاروبار کا آغاز مندی سے ہوا اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 170.13 پوائنٹس کی کمی سے 63567.33 پوئنٹس کی سطح پر بند ہوئی ۔
دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 14پیسے کی کمی سے 280روپے 10پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 19پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر گھٹ کر 280روپے 73پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 3600روپے کی کمی سے 213700روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 3087روپے کی کمی سے 183213 روپے کی سطح پر آگئی۔