2024: دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری، پاکستانی پاسپورٹ سب سے کمزور کیوں رہا؟
2024ء میں دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی جاری ہوگئی ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے جاری کی گئی اس درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر 6 ممالک ہیں جن میں سنگا پور، جاپان، فرانس، جرمنی، اٹلی اور اسپین شامل ہیں۔ ان ملکوں کے شہری دنیا بھر کے 227 میں سے 194 ممالک میں بغیر ویزا داخل ہوسکتے ہیں۔
ہینلے انڈیکس کی جاری کردہ فہرست میں دوسرے نمبر پر 3 ممالک ہیں جن میں فن لینڈ، جنوبی کوریا اور سویڈن شامل ہیں، ان ممالک کے شہری دنیا کے 193 ملکوں میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر 4 یورپی ممالک آسٹریا، ڈنمارک، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کو دنیا کے 192 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل ہے۔
نئی فہرست میں برطانیہ، بیلجیئم، لکسمبرگ، ناروے اور پرتگال چوتھے نمبر ہیں۔ ان ملکوں کے شہری 191 ممالک کا بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔ یونان، مالٹا اور سوئٹزرلینڈ اس فہرست میں پانچویں نمبر جبکہ آسٹریلیا، جمہوریہ چیک، نیوزی لینڈ اور پولینڈ چھٹے نمبر پر ہیں۔ کینیڈا اور ہنگری کے ساتھ امریکا کا ساتواں نمبر ہے جس کے شہریوں کو دنیا کے 188 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل ہے۔
پاکستان اور بھارت کس نمبر پر ہیں؟
دوسری جانب، کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والے 104 ملکوں میں افغانستان کا پہلا اور پاکستان کا چوتھا نمبر ہے۔ افغانستان کے شہریوں کو 28 ممالک تک جبکہ پاکستان کے شہریوں کو 34 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل ہے۔ کمزور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں شام دوسرے، عراق تیسرے اور یمن پانچویں نمبر پر ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی درجہ بندی میں بھارت کا نمبر 80واں ہے جس کے شہریوں کو 57 ملکوں تک ویزا فری رسائی حاصل ہے جبکہ چین 62ویں نمبر پر ہے جس کے شہری 85 ملکوں میں ویزا کے بغیر سفر کرسکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے پاسپورٹ درجہ بندی میں نمایاں بہتری دکھائی ہے، 2014 کی درجہ بندی میں یو اے ای 55ویں نمبر پر تھا جو اب گیارہویں نمبر پر آچکا ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کیسے درجہ بندی کرتا ہے؟
گلوبل سیٹیزن شپ اور ریزیڈینس ایڈوئزری فرم ہینلے اینڈ پارٹنرز دنیا کے 199 ملکوں کے پاسپورٹس کی درجہ بندی ان ممالک کے شہریوں کی دیگر ملکوں تک بغیر ویزا رسائی حاصل ہونے کی بنیاد پر کرتا ہے۔
اس عمل کے لیے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کا آفیشل ڈیٹا حاصل کیا جاتا ہے اور کسی بھی پاسپورٹ کو ہر ویزا فری مقام یا ملک کے لیے ایک پوائنٹ دیا جاتا ہے۔ ان ملکوں یا مقامات کے لیے کوئی پوائنٹ نہیں دیا جاتا جہاں ویزا کا حصول لازمی ہو۔
اس فرم کو پاسپورٹس کی درجہ بندی کرتے ہوئے 19 برس ہوچکے ہیں، پہلے یہ سال میں 4 مرتبہ پاسپورٹس کی فہرست جاری کرتی تھی مگر اب فرم کا کہنا ہے کہ وہ ماہانہ بنیاد پر فہرست جاری کرے گی۔
10 طاقتور ترین پاسپورٹس
1۔ فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، سنگاپور، اسپین (194)
2۔ فن لینڈ، جنوبی کوریا، سویڈن (193)
3۔ آسٹریا، ڈنمارک، آئرلینڈ، نیدرلینڈز (192)
4۔ بیلجیئم، لکسمبرگ، ناروے، پرتگال، برطانیہ (191)
5۔ یونان، مالٹا، سوئٹزرلینڈ (190)
6۔ آسٹریلیا، جمہوریہ چیک، نیوزی لینڈ، پولینڈ (189)
7۔ کینیڈا، ہنگری، امریکا (188)
8۔ ایسٹونیا، لتھوانیا (187)
9۔ لٹویا، سلوواکیہ، سلووینیا (186)
10۔ آئس لینڈ (185)
10 کمزور ترین پاسپورٹ
1۔ افغانستان (28)
2۔ شام (29)
3۔ عراق (31)
4۔ پاکستان (34)
5۔ یمن (35)
6۔ صومالیہ (36)
7۔ لیبیا، نیپال، فلسطین (40)
8۔ بنگلہ دیش، شمالی کوریا (42)
9۔ اریٹیریا، سری لنکا (43)
10 ۔ ایران، لبنان، نائیجیریا، سوڈان (45)