پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا بھرپور فائدہ اٹھائے، سفیر یورپی یونین
کراچی: یورپی یونین کی سفیر رائنا کیونکا نے کہا ہے کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا بھرپور فائدہ اٹھائے۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کی سفیر رائنا کیونکا نے کہا ہے کہ پاکستان صرف ٹیکسٹائل کی برآمدات تک محدود رہنے کے بجائے یورپی یونین کو اپنی برآمدات کے دائرہ کار کو وسیع اور متنوع بنائے تاکہ پاکستان یورپی یونین کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکے، جسے حال ہی میں 2027 تک مزید 4 سال کیلیے بڑھا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس سے فائدہ اٹھانے والے نہ صرف ٹیکسٹائل کے پروڈیوسرز ہیں بلکہ وہ تمام لوگ جو ٹیکسٹائل فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں، جی ایس پی پلس گزشتہ 10سال کے دوران معاشی لحاظ سے انتہائی مثبت اور مفید رہا ہے کیونکہ اس نے یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 108فیصد اضافہ کرنے میں مدد کی ہے۔