اسرائیل کی حماس کے شہید نائب سربراہ کے گھر پر بمباری میں 14 افراد شہید
غزہ: اسرائیلی فوج نے لبنان میں شہید ہونے والے حماس کے نائب سربراہ صلاح العروری کے خاندان سے منسوب خان یونس کی ایک رہائشی عمارت پر وحشیانہ بمباری کی میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے خاندان کا حماس کے کمانڈر شہید صلاح العروری سے کیا تعلق تھا۔
خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی اندھا دھند بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ریڈ کراس کے ہیڈ کوارٹر اور العمل اسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شخص کے شہید اور درجن سے زائد مریضوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں اسپتال اور رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ رہائشی عمارت پر بمباری میں ایک ہی خاندان کے بچوں اور خواتین سمیت 14 افراد شہید ہوگئے جب کہ متعدد زخمی ہیں۔
ادھر اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ایک مقامی مرکز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے 9 کارکن شہید ہوگئے۔ دو روز قبل اسرائیل کے بیروت پر حملے میں حماس کے اہم کمانڈر صلاح العروری سمیت 6 جانباز شہید ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 57 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔