ہمارا لائحہ عمل روزانہ تبدیل ہو جاتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں سنے بغیر بلے کا نشان واپس لے لیا اور ہمارا لائحہ عمل روزانہ تبدیل ہوجاتا ہے۔اسلام آباد میں پرنٹ میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے جو تحریک انصاف کے ساتھ ہو رہا ہے وہ سب دیکھ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مختلف کیسز میں ہمیں سزائیں دلوائی گئیں، جو کیس اٹھا لیں وہ تحریک انصاف کے خلاف ہی جاتا ہے، گملے توڑنے کے جرم میں بھی ہماری گرفتاری ہوئی ہے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بھی پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کو آئسولیٹ کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کے انتخاب کے حوالےسے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے، توہم نے بتایا کہ آپ گوگل کر کے دیکھ لیں تمام میڈیا نے رپورٹ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ مجھے چئیرمین شپ نہیں چاہیے آپ بلا بچائیں، الیکشن ہوئے تو ہم نے تمام آئینی اور قانونی طریقے اپنائے ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس کوئی بندہ نہیں گیا کہ ہمیں فورم دیں دے،کوئی پینل ہمارے خلاف نہیں آیا اور ہمارے الیکشن کو کسی نے چیلنج بھی نہیں کیا، ہمارے جیسے الیکشن کبھی کسی اور جماعت نے نہیں کروائے۔انھوں نے کہا کہ ہمارے رجسٹرڈ ووٹرز تقریباً 8 لاکھ 35 ہزار ہیں، ہم ایپ کے ذریعے الیکشن کرتے ہیں، پچھلے سال ہم نے دو ہزار سے زائد پولنگ ایجنٹ بذریعہ ایپ رکھے تھے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمشین نے یہ اعتراض لگایا کہ ہمارا چیف الیکشن کمشنر پارٹی کے انتخابات نہیں کروا سکتا جبکہ ہم سے کوئی جواب نہیں مانگا گیا اور سیدھا فیصلہ سنایا گیا کہ بلے کا نشان واپس لیا جاتا ہے۔