الیکشن کمیشن نے ڈائریکٹرآئی بی اے کراچی کی مدت ملازمت میں توسیع سے روک دیا
کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حکومت سندھ کو آئی بی اے کراچی کے موجودہ ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی کی مدت ملازمت میں توسیع سے روک دیا۔ ڈاکٹر اکبر زیدی کی پہلی چار سالہ مدت ملازمت 15 روز بعد 12جنوری 2024 کو پوری ہوجائے گی، انھیں سابق سندھ حکومت نے 13 جنوری سن 2020 کو آئی بی اے کراچی کا ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مقرر کیا تھا جس کے بعد وہ جوائننگ دیتے ہی 6 ماہ کی تعطیل پر امریکا روانہ ہوگئے تھے اور وہاں سے آئی بی اے کا انتظام چلا رہے تھے۔موجودہ نگراں سندھ حکومت نے ڈاکٹر اکبر زیدی کی مدت ملازمت میں ایک بار پھر توسیع کی منظوری دی تھی اور سرکاری جامعات اور اسناد تفویض کرنے والے اداروں کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلی سندھ جسٹس( ر ) مقبول باقر نے اس سمری کی منظوری 13 نومبر کو دیتے ہوئے سمری کو حتمی منظوری کے لیے الیکشن کمیشن بھجوایا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اس سمری کو مسترد کردیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ ( ر ) جسٹس مقبول نے آئی بی اے کی فیکلٹی اور اسٹاف کی جانب سے اس سلسلے میں موصولہ کچھ درخواستوں پر غور نہیں کیا تھا جس کے بعد متعلقہ افراد نے معاملے پر باقاعدہ کمیشن سے رابطہ بھی کیا۔سندھ حکومت کے ایک افسر نے بتایا کہ چونکہ موجودہ نگراں صوبائی حکومت آئی بی اے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کو سابقہ حکومت سندھ کی طرز پر برقرار دیکھناچاہتی ہے لہٰذا معاملے پر قانونی جنگ کے بارے میں سوچا جارہا ہے۔سندھ حکومت کو اس کا راہ حل نہیں مل رہا ماسوائے اس بات کہ انھیں فی الحال تاحکم ثانی اس آسامی پر کام کرنے دیا جائے اور اس دوران اگر شیڈول کے مطابق الیکشن ہوجاتے ہیں تو آئندہ قائم ہونے والی صوبائی حکومت ڈاکٹر اکبر زیدی کی ملازمت میں توسیع کردے۔اگر الیکشن کمیشن کے موصولہ خط پر اس کی رُو کے مطابق عمل کیا جائے تو نگراں حکومت سندھ کو اس سلسلے میں آئی بی اے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کی آسامی مشتہر کرنی پڑے گی۔