کوئٹہ، نجی واٹر سپلائی کا پلاسٹک ٹینک پھٹنے سے ایک بچی جانبحق، متعدد زخمی
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں نجی واٹر سپلائی کا رہائشی علاقے میں بنایا گیا پلاسٹک ٹینک پھٹ گیا۔ جس سے پڑوس کا گھر مکمل تباہ اور ایک کمسن بچی جاں بحق ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کوئٹہ کے علاقے جتک اسٹاپ کے قریب واقع ایک رہائشی کالونی میں پیش آیا، جہاں پانی فراہم کرنے والی نجی واٹر سپلائی کمپنی کا 50 ہزار گیلن پانی کی گنجائش والا پلاسٹک ٹینک پھٹ گیا۔ اس کے پھٹنے سے ٹینک میں موجود 50 ہزار گیلن پانی زبردست دباؤ کے ساتھ پڑوس میں ایک گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں پورا گھر تباہ ہو گیا جبکہ ملبے تلے دب کر ایک 6 سالہ بچی زونیرا جاں بحق، جبکہ اس کے والدین اور تین بہن بھائی زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ ملبے سے بچی کی لاش اور اس کے والدین اور دو بہن بھائیوں کو علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ زخمی افراد میں ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اہل محلہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نجی واٹر سپلائی یونٹ والے بجلی چوری کرکے رات بھر اس ٹینک کو پانی سے بھرتے رہیں، گنجائش سے زیادہ پانی بھر جانے سے ٹینک پھٹا، جس سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ اہل علاقہ اور متاثرہ خاندان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اس نوعیت کے واقعات ہو چکے ہیں۔ کئی بار متعلقہ حکام کو شکایت کی، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اس کا نوٹس لیں۔ دریں اثنا ضلع انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے نجی واٹر سپلائی یونٹ کے مالک کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
