مدارس دینیہ کی ازادی اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، مولانا فضل الرحمن
جمیعت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے تحفظ کے لیے اتحاد تنظیمات کا اتحاد موجود ہے، مدارس کے تحفظ کے لیے ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے اور مدارس کی رجسٹریشن میں رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، آج ایک بار پھر مدارس کی بقا کا سوال پیدا ہو گیا ہے، حالیہ دنوں ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں متاثرین سیلاب زدگان کی امداد کے لیے دن رات جدوجہد کرنے والے جے یو آئی کے ذمہ داران و کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں جے یو آئی ملتان کے سرپرست حافظ محمد عمر شیخ، ضلعی سیکریٹری اطلاعات رانا محمد سعید سمیت دیگر رہنماوں ملک جاوید اقبال کالرو، قاری محمد یاسین، مولانا محمد یوسف مدنی، مولانا طیب فرید، جے ٹی ائی کے صدر معین الدین کو متاثرین سیلاب زدگان کی خدمات کے اعزاز میں اعزازی شیلڈ کے موقع پر کیا۔
مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ مدارس دینیہ کا تحفظ ہر مسلمان کا فرض ہے جو مدارس دینیہ کی آزادی، خودمختاری کو سلب کر کے کسی کے ماتحت کرنا چاہتے ہیں، ایسے کسی اقدام کو برداشت نہیں کریں گے، تنظیمات کا اتحاد موجود ہے جس کے اکابرین مدارس دینیہ کی آزادی اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات، سیلاب ہو یا زلزلہ یا پھر کوئی دوسری آفت آئے تو جے یو آئی کی مرکزی و صوبائی، ضلعی قیادت سمیت تمام ذمہ داران و کارکنان ہمہ وقت اپنی جانوں پر کھیل کر انسانی جانوں اور دیگر کے تحفظ کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں۔
