اتحادیوں سے مل کر ملک کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں، راجہ پرویز اشرف
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کیساتھ مل بیٹھ کر ملک کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش رہے ہیں، جہاں انتشار ہوتا ہے وہ ترقی نہیں ہوتی، ملک میں ایسی فضا پیدا کرنی ہے جس سے امن و امان ہو۔ سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو کسی جیل بھیجنے کا میرا کوئی مطالبہ نہیں، احتجاج تو ان کا مینو فیکچرنگ فالٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل سے باہر ہوتے ہیں تو بھی احتجاج کرتے ہیں اندر ہوتے ہیں تب بھی احتجاج کرتے ہیں، اڈیالہ کی صورتحال کا حل یہی ہے کہ وہاں اندر صرف بانی قید نہیں دیگر لوگ بھی ہیں، ہمارے صدر نے بھی چودہ سال قید کاٹی ہے، بینظیر بھٹو بچوں کے ساتھ جیل کے باہر بیٹھی ہوتی تھیں، محترمہ نے کبھی ملک خلاف ریاست خلاف بات نہیں کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اٹھارہ سال قبل شہید قائد کی شہادت ہوئی، خراج عقیدے پیش کرنے گڑھی خدا بخش آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ سیاست کا ستارہ تھیں، شہید نے امن کی سیاست کو فروغ دیا، شہید محترمہ ملک میں خوشحالی دیکھنا چاہتی تھیں، شہید محترمہ کی شہادت سے سیاست مین خلاء پیدا ہوا جیسے مشکل تھا پر کرنا، ایسے میں زرداری صاحب نے یہ بیڑا اٹھایا، پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، محترمہ کے قاتل اپنے کیفرکردار تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کیسے پاکستانی ہیں جو باہر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بات کرتے ہیں، پاکستان کا سوچنا چاہیئے یہ کن ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، ہم نجکاری کے خلاف نہیں ہے مگر ہم لوگوں کو بھی بیروزگار کرنا نہیں چاہتے۔
