پنجاب میں بسنت کی اجازت سے اگر قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی، ہشام الہی ظہیر

n01254356-b1.jpg

جمیعت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی صدر و مذہبی سکالر ڈاکٹر علامہ ہشام الہی ظہیر نے کہا ہے کہ ایوانوں میں بیٹھے حکمران طبقہ کو مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کی خوشحالی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھانے چاہیئں تاکہ عام شہری خوشحال ہوں، پنجاب میں بسنت کی اجازت سے اگر قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی، اسی لئے بسنت پر پابندی برقرار رہنی چاہیئے، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے پر الزامات کی پالیسی کی سیاست کو ترک کرنا چاہیئے، دینی جماعتوں سے اتحاد کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں، بااختیار بلدیاتی نظام کی وجہ سے ہی نچلی سطح پر عوام کے مسائل حل ہو سکتے ہیں، جمیعت اہلحدیث صرف بلدیاتی انتخابات ہی نہیں بلکہ عام انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لے گی، جس کے لئے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے، مدارس کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے وزیر صحت نے تحفظات دور کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان آمد پر ایم اے جناح روڈ چوک کمہارانوالہ روڈ پر جمیعت اہلحدیث ملتان کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

علامہ ہشام الہی ظہیر نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے نشستیں ہو چکی ہیں، دینی جماعتوں کا اتحاد ہوگا تو مسائل کا حل ممکن ہوگا، اتحاد کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں، آج جمیعت اہلحدیث میں جوق در جوق علماء، خطباء، عام لوگ شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں بیٹھنے والوں کو آٹے، گھی، چینی، دال، چاول کی قیمتوں کا کوئی اندازہ نہیں ہے کہ عام غریب شہری کیسے زندگی بسر کر رہے ہیں، منی بجٹ بارے جو شنید سنائی دے رہی ہے منی بجٹ کی بجائے عوام کو ریلیف دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی طبقہ، مدارس سے بڑی کوئی این جی او نہیں جو ساٹھ لاکھ سے زائد نوجوانوں کو دینی تعلیم سے روشناس کر رہے ہیں، دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی و خوشحالی، امن، سلامتی کے لئے بھی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے