کے پی میں رواں سال دہشتگردی کے واقعات میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 502 شہری شہید
خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں ہونے والے جانی نقصان کی پولیس رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران دہشت گردی کے ایک ہزار 588 واقعات ہوئے جن میں 223 شہری شہید اور 570 زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق ان واقعات میں 137 پولیس اہلکار شہید اور 236 زخمی ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 18 اہلکار بھی شہید ہوئے۔ فیڈرل کانسٹیبلری کے 124 جوان شہید اور 244 زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال مختلف کارروائیوں میں 348 دہشت گرد مارےگئے، دہشت گردی کے سب سے زیادہ 394 کیسز بنوں ریجن میں درج ہوئے۔ بنوں میں سب سے زیادہ 41 پولیس اہلکار شہید اور 89 زخمی ہوئے، بنوں ریجن میں 54 شہری شہید اور 125 زخمی ہوئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں 152 مقدمات درج ہوئے، یہاں 137 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ شمالی وزیرستان میں 181 کیس رجسٹرڈ ہوئے اور یہاں 38 شہری شہید اور 182 زخمی ہوئے۔ جنوبی وزیرستان میں 103 کیس درج ہوئے، یہاں 39 شہری شہید اور 86 زخمی ہوئے۔
