وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے ساتھ این ایف سی طرز کا مالی معاہدہ کرے، شیخ میرزا علی

n01253216-b.jpg

اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے صدر شیخ میرزا علی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ این ایف سی بذات خود ایک آئینی ادارہ ہے جو آئینی دائرے کے مالی معاملات کو تناسب کے لحاظ سے دیکھتا ہے، ملکی حدود میں جو خطے اب تک آئین کا حصہ نہیں بن سکے ہیں کو کسی بھی پہلو سے این ایف سی ایوارڈ میں گنجائش نہیں دی جا سکتی ہے، اس لئے گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی کی راہیں کھولنے کے لئے این ایف سی طرز کے مالی معاہدے پر غور کیا جائے۔ وفاقی حکمران جماعت گلگت بلتستان کے لئے معقول گرانٹ پر سنجیدہ ہے تو این ایف سی میں رقبہ اور آبادی کے تناسب سے جو حصہ بنتا ہے اس کے مطابق گلگت بلتستان کے لئے مالی معاہدہ کی راہ ہموار کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی جیسا اہم مالی مسئلہ کو سیاست یا انتخابات سے مشروط کرنا بھی گلگت بلتستان کے بائیس لاکھ عوام کی حب الوطنی کو تولنے کے مترادف ہے جب کہ یہ حقیقت ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام نے آئینی دائرے میں نہ ہوتے ہوئے بھی حب الوطنی کی لازوال قربانیاں دی ہیں جس کا حق تو یہ بنتا ہے کہ گلگت بلتستان کو استثنائی طور پر این ایف سی ایوارڈ میں حاصل حصہ سے زیادہ دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پوری دنیا معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے خطہ میں منرل کے ذخائر کو دریافت کرنے پر اپنی آمادگی ظاہر کر رہی ہیں اور ہماری سیاسی جماعتیں بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے بھی انتخابات میں کامیابی کی شرائط پیش کر رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے