شہریوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، آئی جی بلوچستان
آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے تحت صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر اور منظم کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں صوبے کی تمام رینجز میں بلوچستان پولیس نے گزشتہ ہفتے دوران کارروائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مطلوب اور مفرور ملزمان، اشتہاریوں، موٹر سائیکل چور، منشیات فروشوں اور اسلحہ و ایمونیشن ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران مختلف مقدمات میں نامزد افراد سمیت قتل اور اندھے قتل کے واقعات میں ملوث اہم ملزمان اور ان سے برآمد ہونے والے اسلحہ و دیگر ممنوعہ سامان کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان پولیس عوام کو پرامن اور جرائم سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور یہ سلسلہ جرائم کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
