بلدیاتی اداروں کی مالی خودمختاری بڑھانے کے لیے مشاورت جاری ہے، ناصر حسین شاہ

n01249024-b.jpg

لوکل کاؤنسل ایسوسی ایشن سندھ کے زیرِ اہتمام لوکل گورنمنٹ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، میئر سکھر ارسلان شیخ سمیت صوبے بھر سے منتخب نمائندوں اور مقامی حکومتوں کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سید ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا سیشن انتہائی اہم ہے اور کانفرنس میں پیش کی جانے والی تمام سفارشات پر یقینی عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر منتخب نمائندوں کے مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ قانون سازی میں بہتری کے لیے منتخب نمائندوں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے جبکہ وائس چیئرمین کے اختیارات کو مزید واضح اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی عوامی مسائل کا دیرپا حل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئے بلدیاتی انتخابات تک موجودہ نمائندے اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق بلدیاتی نمائندوں کو بااختیار بنانے کے عمل کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی مالی خودمختاری بڑھانے کے لیے مشاورت جاری ہے، جبکہ شہری سہولیات کی بہتری اور بلدیاتی نظام کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر کام کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے