آزاد کشمیر حکومت شونٹر منصوبے کی جلد تکمیل میں تعاون کرے، مہدی شاہ
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے مظفر آباد میں آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں خطوں کی سیاسی صورتحال اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو گلگت بلتستان کے عوام اور اپنی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ سید مہدی شاہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ جی بی اور آزاد جموں و کشمیر کے درمیان ہمیشہ بہترین حکومتی تعلقات قائم رہے ہیں، جو دونوں خطوں کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ گورنر نے خصوصی طور پر شونٹر پاس کے میگا منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے درخواست کی کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے دونوں طرف کے متعلقہ اداروں میں کام کی رفتار تیز کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شونٹر ٹنل نہ صرف دونوں خطوں کے درمیان سفر کو کم کرے گی بلکہ تجارت، کاروبار، ثقافتی روابط اور عوامی آمدورفت کو نئے راستے فراہم کرے گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ شونٹر ٹنل کی تکمیل سے آزاد کشمیر اور جی بی میں سیاحت کو غیر معمولی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے دونوں خطوں کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے کافی مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے یقین دلایا کہ حکومت آزاد کشمیر اس منصوبے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی اور اس کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
