کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین کی ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت سے ملاقات
مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رہنماء اور امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم کے وفد ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت سے اہم ملاقات کی۔ جس میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن میں موجود جوئے کے اڈوں، منشیات فروشوں، گیم زونز، مہاجرین کے ساتھ ناروا سلوک اور شہر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں حاجی الطاف حسین، سید ضیاء، حاجی دولت، ہادی آغا، حاجی علی یاور، ڈاکٹر فراز، سید زمان اور حیدر علی شامل تھے۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن کیپٹن (ر) آصف خان اور ایس ایس پی ایڈمن دوستین محمد بھی موجود تھے۔
علامہ علی حسنین نے پولیس کے اعلیٰ افسران کو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل پر توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پولیس معاشرتی برائیوں کی روک تھام میں کردار ادا کرے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان تمام مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دیتے ہوئے ان کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور جہاں کہیں بھی قانون شکنی یا جوا جیسے جرائم کا مشاہدہ ہو، وہاں کی ویڈیوز یا تصاویر بنا کر متعلقہ تھانے کے افسران کو فراہم کریں، اور اگر 24 گھنٹوں کے اندر ایکشن نہ لیا جائے، تو شکایات ڈی آئی جی آفس میں جمع کرائیں۔
