ووٹ چوری جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی سازش ہے جسے ہم کامیاب نہیں ہونے دینگے، دیویندر یادو

ووٹ.jpg

دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے آج بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کی جانب سے منعقدہ دستخطی مہم میں حصہ لیا، جس میں عوام سے رابطہ کر کے ووٹ چوری کے خلاف دستخط لئے گئے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ ووٹ چوری جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی سازش ہے، جسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ہزاروں کانگریس کارکنوں نے بازاروں، سڑکوں، ریہڑی پٹری اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں سے رابطہ کیا اور ووٹ چوری کے خلاف ان کے دستخط حاصل کئے۔ دیویندر یادو نے بتایا کہ نوجوان، دکاندار، مزدور، نائی، موچی اور کھانے کے چھوٹے کاروبار کرنے والے سب اس مہم میں فعال طور پر شریک ہیں۔ دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں جاری دستخطی مہم عوام کو متوجہ کر رہی ہے اور بلاک کانگریس کمیٹیوں کی ماہانہ ملاقاتوں میں بھی اس پر بات کی گئی ہے۔

بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر راجکمار جین نے پروگرام کا انتظام کیا۔ اے آئی سی سی کے دہلی انچارج قاضی نظام الدین، سابق رکن اسمبلی بھیشم شرما، حاجی بھورے خان، یونُس، عبد الرحمٰن اور دیگر کانگریس رہنما بھی موجود تھے۔ کارکنان نے نعرے بازی بھی کی، جس میں ووٹ چور گدی چھوڑ کے کے نعرے شامل تھے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ ووٹ چوری ایک سنگین جرم ہے، جس کے ذریعے بی جے پی اور انتخابی کمیشن عوام کے حق رائے دہی پر حملہ کر رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے دو اسمبلیوں کی مثال پیش کی، جس سے ووٹ چوری کی سازش بے نقاب ہوگئی ہے۔ کانگریس کی ہدایت پر پورے ملک میں ووٹ چوری کے خلاف دستخطی مہم جاری ہے۔

دیویندر یادو نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ جمہوریت کی حفاظت کریں اور ووٹ چوری روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بی جے پی نے انتخابات میں بے ایمانی سے کامیابی حاصل کی اور دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے بھی ووٹ چوری کا اعتراف کیا ہے۔ قاضی نظام الدین نے کہا کہ اب حالات بدل رہے ہیں اور بھارتی نوجوان سمجھ چکے ہیں کہ اصل جدوجہد نوکریوں یا معاشی مسائل کی نہیں بلکہ ووٹ چوری کے خلاف ہے۔ ووٹ چوری کا خاتمہ ہی سب سے بڑی قومی ذمہ داری اور حب الوطنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے سبب بے روزگاری 45 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے