لاہور میں جماعت اسلامی کا غزہ مارچ، ہزاروں افراد کی شرکت، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

لاھورعلی.jpg

لاہور میں وحدت روڈ پر بھیکے وال چوک میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام غزہ مارچ کیا گیا۔ جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ 2 سال میں غزہ لہو، لہو ہو گیا۔ مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی۔ مسلم اُمہ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ مارچ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، جماعت اسلامی لاہور کے امیر ضیاءالدین انصاری سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین 2 سال سے اسرائیلی بمباری کا شکار ہے۔ غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا۔ انسانیت تڑپ رہی ہے اور اُمت مسلمہ چپ ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دو ریاستی فارمولہ قبول نہیں، دو ریاستی فارمولہ ریاست پاکستان کا نہیں، دو ریاستی فارمولہ پر وزیراعظم پارلیمنٹ میں بات کر لیتے، ابراہیمی معاہدہ نہیں کرنے دیا جائے گا، اگر کسی ابراہیمی معاہدے کی طرف جانے کی قدم اٹھایا تو قوم راستہ روکے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت آپ کو خاک میں ملا دے گی، اسرائیل یا امریکہ کی غلامی کا سوچیں نہیں، حماس کی پوری پشت پر کھڑے ہوں، امریکہ نے پاکستان کو کچھ نہیں دیا اس نے صرف مہنگائی دی، معیشت خراب ہی امریکہ کی وجہ سے ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ زوال پذیر قوت ہے، دنیا میں طاقت کے مراکز تبدیل ہو رہے ہیں، آپ ٹرمپ کو نوبل انعام کے لیے سفارش کررہے ہیں آپ غلط کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم نے کہا کہ فلسطینی بھوک سے مر رہے ہیں، مگر مزاحمت کررہے ہیں، فلوٹیلا باطل امریکہ اسرائیل کو بے نقاب کرتے ہیں، مشتاق احمد خان اسرائیل میں قید ہیں، آپ ان کی رہائی کے اسرائیل سے بات نہ کریں مگر ٹرمپ سے بات تو کرسکتے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ  فلوٹیلا سے اسرائیل نے تمام افراد کو قید کیا ان تمام افراد کو رہا کروایا جائے، مسلم ملکوں پر قابضین براجمان ہیں ان سے قبضہ چھڑوانا ہے، پاکستان میں سیاست آزاد نہیں تجارت یرغمال ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسرائیل کا وجود ناجائز ہے۔ اسے تسلیم نہیں کیا جا سکتا، ہمارے ایوانوں میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے بھی باتیں ہو رہی ہیں اور ہمارے حکمران بھی ٹرمپ کی محبت میں اسرائیل کے حوالے سے اپنا رویہ تبدیل کر رہے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنیوالوں کو قوم معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح واضح پالیسی دے کر گئے ہیں اور یہی پاکستان کی داخلہ و خارجہ پالیسی ہے کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، اسے کسی طور بھی تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری نے کہا کہ ظلم کے اندھیرے جلد چھٹ جائیں گے، وہ دن دور نہیں جب فلسطین ایک آزاد ریاست کے طور پر سامنے آئے گا اور فلسطین کے مظلوم آزاد فضاوں سے سانس لے سکیں گے۔ غزہ مارچ کے شرکاء میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ جنہوں نے مظلوم فلسطینوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے