پنجاب کے معاملے میں کچھ بولیں گے تو مریم نواز ناراض ہو جائیں گی، میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کیلئے 200 ارب روپے بھی کم ہیں، شہر کیلئے وزیراعظم سے مدد نہیں مانگوں گا تو کس سے مانگوں گا، اگر وہ پنجاب کے معاملے میں کچھ بولیں گے تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ناراض ہو جائیں گی۔ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں کیتھ لیب کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تنقید برائے تنقید سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، آپ لوگوں کو پتا چل جائے گا کہ کہاں کتنا کام ہوا ہے، آپ پچھلے سال کی پی ایس ڈی پی نکالوا لیں، جنوبی پنجاب اس وقت مشکل میں ہے، عظمیٰ بخاری اور مجھ میں فرق ہے، میں کسی سے لڑنا نہیں چاہتا، اگر پی آئی ڈی سی ایل لاہور، ملتان یا پشاور میں کام نہیں کر رہی تو کراچی میں کیوں؟۔ میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کیلئے 20 ارب روپے کا لالی پاپ ناکافی ہے، وزیراعظم کراچی کیلئے 200 ارب روپے بھی خرچ کریں تو وہ بھی ناکافی ہیں، کراچی کیلئے آپ کمپنی بنا دیتے ہیں اس پر اعتراض ہے، میں چاہتا ہوں کہ میرے شہر کو حقوق ملیں۔