26ویں ترمیم پر فل کورٹ تشکیل کی مصطفیٰ نواز کھوکھر کی درخواست پر اعتراضات عائد

سپریم کورٹ نے 26ویں آئینی ترمیم پر فل کورٹ تشکیل کے لیے مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے دائر درخواست پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے واپس کردیا۔ عدالتی اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی، تاہم اس میں عوامی اہمیت کے کسی معاملے کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ اعتراضات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انفرادی شکایت کو 184(3) کے تحت نہیں لایا جا سکتا اور درخواست گزار عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے جبکہ ایک ہی درخواست میں متعدد استدعائیں کی گئی ہیں، جو قابلِ سماعت نہیں۔ واضح رہے کہ مصطفی نواز کھوکھر نے اپنی درخواست میں پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے 31 اکتوبر کے فیصلے پر عملدرآمد کی استدعا کی تھی۔