میجر عدنان شہید کی زندگی کے آخری لمحات کی ویڈیو وائرل

بنوں میں فتنہ الخوارج کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد دوران علاج ہسپتال میں شہید ہونے والے میجر عدنان اسلم کی زندگی کے آخری لمحات کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ میجر عدنان اسلم کا تعلق پاک فوج کے اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) سے تھا اور وہ 2 ستمبر کو بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ تھے۔ میجر عدنان اسلم فتنہ الخوارج کے حملے میں اس وقت زخمی ہوئے تھے جب وہ اپنے ساتھیوں کا دفاع کرتے ہوئے خود دہشت گردوں کے سامنے آگئے تھے اور انہوں نے اپنے زخمی ساتھیوں کی حفاظت یقینی بنائی۔
ان کی فتنہ الخوارج سے لڑنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی تھی، جس میں انہیں بہادری سے تن تنہا دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کرتے دیکھا گیا تھا۔ میجر عدنان اسلم کے زخمی ہونے کے بعد ان کے ساتھیوں نے فتنہ الخوارج کو ہلاک کردیا تھا اور بعد ازاں زخمی میجر کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔ میجر عدنان اسلم چند دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے اور 9 ستمبر کو انہوں نے جام شہادت نوش کیا، ان کی نماز جنازہ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی تھی۔ میجر عدنان اسلم کی سی ایم ایچ ہسپتال میں دوران علاج زندگی کے آخری لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ان کی بہادری کی تعریفیں کیں۔ وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں میجر عدنان اسلم کو ہسپتال کے بستر پر دیکھا جا سکتا ہے اور ہسپتال عملے کے ارکان ان سے خیریت دریافت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں میجر عدنان کی زندگی کے آخری چند لمحات کو دیکھا جا سکتا ہے، جس میں وہ ہسپتال عملے سے اپنے دیگر ساتھیوں سے متعلق دریافت کرتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ عملہ ان سے ان کی صحت سے متعلق دریافت کرتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میجر عدنان اپنے ساتھیوں کی خیریت سے متعلق جواب سننے سے قبل ہی خالق حقیقی سے جا ملتے ہیں۔