یمن کا اعلان: قطر پر حملہ تمام عرب ممالک کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے

صنعاء (بصیر نیوز) یمن کے سپریم پولیٹیکل کونسل کے صدر مہدی المشاط نے اسرائیل کے قطر پر حملے کے جواب میں امریکہ کو اسرائیل کا مجرم ساتھی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر خطے کے ممالک متحد نہ ہوئے تو ایسے حملے ان کے ہاں بھی ہوں گے۔
مہدی المشاط نے منگل کی شام دوحہ میں حماس کے دفتر پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو "جابرانہ کارروائی اور ایک آزاد ملک کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی” قرار دیا۔المشاط نے زور دے کر کہا کہ یہ حملہ ظاہر کرتا ہے کہ خطے میں اسرائیل کی موجودگی کے ساتھ کوئی امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ تمام عرب اور اسلامی ممالک کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ "صیہونی خطرے” کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد نہ بنائے جانے کی صورت میں خطے کے دیگر ممالک میں بھی اسی قسم کے حملے ہوں گے۔المشاط نے اسرائیل کو اس اقدام کا براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا اور امریکہ کو بھی اس ریاست کے جرائم کا ساتھی قرار دیا۔
انہوں نے کہا: "اگر مجرم ٹرمپ کی گرین لائٹ اور اجازت نہ ہوتی تو اسرائیل یہ اقدام نہ کرتا، البتہ اگر اس نے خود بھی اس میں سازش نہ کی ہو۔”یمنی سپریم پولیٹیکل کونسل کے صدر نے زور دے کر کہا کہ یہ اقدام صرف فلسطین کی مزاحمت کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی تأکید کی کہ جمہوریہ یمن تمام فلسطینی مزاحمت گروپوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور جارحیت کے خاتمے اور محاصرہ اٹھائے جانے تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔