کربلا حق و باطل کا معرکہ ہے، امام حسینؑ کا پیغام رہتی دنیا تک زندہ رہے گا، علامہ مبشر حسن

n01218564-b.jpg

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی عدل، انسانیت اور دینِ اسلام کی بقا کا استعارہ ہے، کربلا کا پیغام ہر دور کے مظلوموں کے لیے ہمت، حوصلے اور مزاحمت کی علامت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاسی گوٹھ کراچی کی مرکزی امام بارگاہ میں عشرہ محرم الحرام کی مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مبشر حسن نے کہا کہ ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنا یزیدی طرزِ فکر کو فروغ دینا ہے جبکہ حسینیت مظلوم کا ساتھ دینے اور باطل سے ٹکرانے کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے سچائی، اصول پسندی اور دین کی سربلندی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، اور ان کی یہ قربانی تاقیامت انسانی ضمیر کو جھنجھوڑتی رہے گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ کربلا سے دروسِ حریت و استقامت حاصل کریں اور سچائی و عدل کی حمایت کو اپنا مشن بنائیں۔ علامہ مبشر حسن نے اتحاد بین المسلمین پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کا پیغام تفرقے نہیں بلکہ وحدت، اخوت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے