آیت اللہ خامنہ ای ہماری ریڈ لائن ہیں، ایران پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف کراچی میں خواتین کا احتجاج

ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور ایران کے دفاعی جوابی حملوں کی حمایت میں عاشقانِ شہداء اسلام کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر خواتین کے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرے میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، سماجی کارکنان، طلبہ، خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی کھلی جارحیت کا نوٹس لے اور مشرقِ وسطیٰ کے امن کو تباہی سے بچانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی اور علامہ علی سجاد عابدی سمیت دیگر علمائے کرام نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای ہماری ریڈ لائن ہیں، ایران پر اسرائیل کا حملہ دراصل پوری امت مسلمہ پر حملہ ہے، ایران نے جس حکمت و بہادری سے دشمن کو جواب دیا وہ قابلِ ستائش ہے۔
علماء نے مزید کہا کہ اسرائیلی اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ انسانی اقدار کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں، ایران نے جوابی حملے کرکے اپنا دفاع کیا ہے جو ہر قانونی طور پر بھی جائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین، لبنان، شام اور اب ایران پر حملے اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کا حصہ ہیں، جنہیں روکنا مسلم امہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ مقررین نے اقوامِ متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے عملی اقدامات کریں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مظلومینِ عالم کی حمایت جاری رکھیں گے اور ہر پلیٹ فارم پر ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ مظاہرے کا اختتام اجتماعی دعا اور فلسطینی و ایرانی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ کیا گیا۔