الشفا ہسپتال کا شعبہ ایمرجنسی خون میں لت پت ہے: عالمی ادارہ صحت
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں تباہ ہونے والا الشفا ہسپتال کا شعبہ ایمرجنسی ’خون میں لت پت‘ ہے اور اسے توجہ کی ضرورت ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او اور دیگر اقوام متحدہ کے اداروں کی ایک ٹیم ہفتے کو فلسطینی علاقے میں موجود سب سے بڑے ہسپتال میں طبی سامان پہنچانے میں کامیاب ہوئی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہزاروں بے گھر افراد ہسپتال کی عمارت کو بطور پناہ گاہ استعمال کر رہے ہیں اور وہاں پر پانی اور خوراک کی شدید قلت ہے۔‘
اس امدادی ٹیم نے ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی کے بارے میں بتایا ہے کہ وہ ’خون میں لت پت‘ ہے جہاں ’سینکڑوں زخمی افراد موجود ہیں اور ہر منٹ نئے مریض آ رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ’ٹراما انجریز کے مریض زمین پر پڑے ہیں اور درد کم کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔‘