غزہ پر اسرائیلی فضائی بمباری میں فرانسیسی ’سفیر کی موت‘
نیوز کے مطابق فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی فضائی بمباری میں زخمی ہونے والے ان کے ایک سفارت کار کی موت ہو گئی ہے۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فرانسیسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح میں اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والے فرانسیسی کارکن جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
مذکورہ شخص نے دو ساتھیوں اور خاندان کے لوگوں کے ساتھ فرانسیسی قونصل خانے کے ساتھی اہلکار کے گھر میں پناہ لے رکھی تھی۔
وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’بدھ کی شام اسرائیلی فضائی حملے میں اس گھر کو نشانہ بنایا گیا جس سے ہمارے ایجنٹ شدید زخمی ہوئے اور 10 کے قریب دوسرے لوگ جان سے گئے۔‘ بیان کے مطابق زخمی ہونے والے اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بعد میں چل بسے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس نے رہائشی عمارت پر ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کی۔
بیان کے مطابق: ’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی حکام ان حالات پر جلد از جلد مکمل روشنی ڈالیں جن میں یہ بمباری کی گئی۔‘
اسرائیلی فوج کی جانب سے اس ضمن میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کا تحفظ کرنا چاہتا ہے حالاں کہ ناقدین اور یہاں تک کہ اس کے قریبی اتحادی امریکہ کا کہنا ہے کہ اسے اس سلسلے میں مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔