کمپنی کی مشین پر "پاکستان زندہ باد” لکھنے والا بھارتی نوجوان گرفتار

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھا جی نگر میں ایک کمپنی میں کام کرنے والے نوجوان پر ایک مشین پر "پاکستان زندہ باد” لکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس کے ملک سے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے نوجوان کے گھر کی تلاشی لی جہاں کوئی خاص چیز موصول نہیں ہوئی۔ ملزم کا نام عمر شیخ غفار بتایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق 19 مئی کو عمر شیخ غفار کمپنی میں کام کر رہا تھا۔ رات 11 بجے کمپنی کے سجیت تندورے نے سکیورٹی آفیسر اشوک دھاولے سے رابطہ کر کے دعویٰ کیا کہ ڈسک اسمبلی ڈپارٹمنٹ میں امیج مارکنگ مشین نمبر 952 پر نارنجی رنگ میں "پاکستان زندہ باد” لکھا ہوا ہے۔
اس کے بعد کمپنی مینیجر کو اس کی اطلاع دی گئی۔ لیکن کچھ دیر بعد مشین پر لکھی ہوئی تحریر مٹا دی گئی۔ کمپنی کی شکایت کے مطابق جب اس بات کی جانچ کی گئی کہ تحریر کو کس نے مٹایا تو انکشاف ہوا کہ یہ کام عمر شیخ غفار نے کیا۔ جب عمر غفار سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے یہ مذاق کے طور پر کیا۔ کمپنی نے 22 مئی کو ایم آئی ڈی سی سڈکو پولیس میں شکایت درج کرائی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے ٹی ایس کی ٹیم نے پولیس اسٹیشن میں عمر غفار سے پوچھ گچھ کی۔ ملزم کے خلاف ایم آئی ڈی سی سڈکو تھانے میں ملک سے غداری کا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔