متحدہ علماء محاذ 15 مئی کو اسرائیلی ریاست کے قیام کیخلاف یوم نکبہ منائے گی

n01208379-b.jpg

متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی، مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی کی زیر صدارت نیو سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں یکجہتی فلسطین و دفاع پاکستان سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ، سیاسی زعماء، اقلیتی رہنماؤں، وکلاء، دانشور و ممتاز شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے 15 مئی کو اسرائیلی ریاست کے قیام، فلسطین پر جبری تسلط انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کیخلاف یوم نکبہ جوش و جذبہ و ایمانی غیرت کے ساتھ منائے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ محاذ میں شامل علماء مشائخ و کارکنان یوم نکبہ کے حوالے سے کراچی پریس کلب پر مختلف جماعتوں کی جانب سے احتجاجی ریلیوں میں بھرپور شرکت اور قائدین خطاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع پاکستان سیمینار میں علماء، مذہبی سیاسی و اقلیتی رہنماؤں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کے غیور نوجوانوں اسلام کے شیروں ایٹمی قوت و عوام کے محافظین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف ملکی دفاع کیلئے پوری قوم بلاامتیاز رنگ و مسلک افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اور ہر وقت ہر قسم کی قربانیاں دینے کیلئے تیار ہے، پاکستان پر بھارتی جارحیت فلسطین سے توجہ ہٹانے کی منظم سازشوں کا حصہ ہے۔ حماس، حزب اللہ، تحریک جہاد اسلامی و دیگر مقاومتی مجاہدین کی عظیم جدوجہد و قربانیاں کامیاب ہوگئیں، اسرائیل و اس کا سہولت کار امریکہ غزہ فلسطین کی جنگ ہار چکا ہے، اسرائیل کو بطور ریاست کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا، غزہ فلسطین کی حمایت اور غاصب دہشت گرد اسرائیل و امریکہ کے خلاف پورے عالم اسلام اور انسانی دنیامیں نفرت و بیداری زور پکڑ رہی ہے، اسرائیلی و بھارتی مصنوعات کا سرکاری سطح پر مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔

سیمینار سے علامہ محمد حسین مسعودی، مولانا سلیم اللہ خان ترک، ڈاکٹر صابر ابومریم، علامہ محمد صادق جعفری،مسلم پرویز، علامہ سید محمد عقیل انجم قادری، علامہ خواجہ احمد الرحمن یار خان، علامہ پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی، پاسٹر عمانوئیل، ہندو مذہبی اسکالر ایجوکیشنسٹ منوج چوہان، مولانا منظرالحق تھانوی، مولانا مفتی محمد داؤد، قانونی مشیر ناصر احمد ایڈووکیٹ، استاذ القرأ مولانا قاری محمد اقبال رحیمی، مولانا مفتی وجیہہ الدین، علامہ مفتی عبدالغفور اشرفی، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، علامہ محمد حسن شریفی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی سلفی، صاحبزادہ مولانا حافظ عبدالمجید، یعقوب احمد شیخ، علامہ سید علی امام فاطمی، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک و دیگر نے خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے