ایرانی وزارت خارجہ کا بیانیہ

ایرانی وزارت خارجہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان دوسرے دور غیرمستقیم مذاکرات کے اختتام پر بیان جاری کیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ مذاکرات آج شام روم میں اختتام پذیر ہوئے جہاں دونوں فریقوں نے اگلے ہفتے مزید بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کی جبکہ امریکی وفد کی نمائندگی صدر کے خصوصی نمائندہ اسٹیو وائٹ کوف نے کی۔ دونوں فریقوں نے پابندیوں کے خاتمے اور جوہری معاملات پر اپنے موقف کا تبادلہ کیا۔
طرفین نے اگلے ہفتے سنیچر کو مسقط میں تیسرے دور مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ماہرین کی سطح پر ایک اجلاس اس ہفتے بدھ کو مسقط میں ہوگا جس میں پابندیوں کے موثر خاتمے اور ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے حوالے سے اعتماد سازی کے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
عمانی وزارت خارجہ نے ان مذاکرات کو منعقد کرانے میں معاونت فراہم کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ مذاکرات غیرمستقیم شکل میں جاری ہیں جس میں دونوں فریق الگ الگ بیٹھ کر عمانی حکام کے ذریعے اپنے پیغامات کا تبادلہ کر رہے ہیں۔