سارہ انعام قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہنواز امیر کو سزائے موت، والدہ عدم ثبوت پر بری
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سارہ انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہنواز کو سزائے موت اور دس لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے اس مقدمے میں شریک ملزم اور شاہنواز امیر کی والدہ ثمینہ شاہ کو بری کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اس کیس میں ملزمان شاہنواز امیر اور ان کی والدہ ثمینہ شاہ کو آج اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ملزمان کی موجودگی میں عدالت اس مقدمے کا فیصلہ سنایا۔ اس موقع پر سارہ انعام کے والد انعام الرحیم اور فیملی کے دیگر اراکین بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
عدالت نے ملزم سے وصول کردہ دس لاکھ روپے کا جرمانہ سارہ انعام کے والدین کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
کینڈین نژاد پاکستانی خاتون سارہ انعام کو 23 نومبر 2022 کو اُن کے شوہر شاہنواز امیر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قتل کر دیا تھا۔