پی ٹی آئی کا "یوم سیاہ” صوابی جلسہ اور بیانات

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی 8 فروری کو ’یوم سیاہ‘ اور احتجاج کی کال پر ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں جبکہ خیبر پختونخوا میں صوابی کے مقام پر بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا گیا ہے، اس دوران ملتان اور مظفر آباد آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مہر بانو قریشی، زاہد بہار ہاشمی اور دلیر مہر سمیت 10 سے زیادہ کارکنوں کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر حراست میں لے لیا گیا۔ اسی طرح مظفر آباد میں آزادی چوک پر احتجاج کی کوشش کرنے پر اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر خواجہ فاروق سمیت متعدد پارٹی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اب گولیوں کا مقابلہ کرنے کی تیاری کے ساتھ آئیں گے، جنید اکبر کی دھمکی
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہاکہ اس بار جب ہم عمران خان کی کال پر احتجاج کے لیے نکلیں گے تو گولیوں کی تیاری کے ساتھ نکلیں گے۔صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں کہاکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کو شرم آنی چاہیے جو یہ کہتا ہے کہ اب اگر کوئی احتجاج کرےگا تو 26 نومبر جیسا جواب دیا جائےگا۔ انہوں نے ہمارے نہتے کارکنوں پر گولیاں چلائیں۔جنید اکبر نے کہاکہ جو لوگ کہتے تھے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان تھک گئے ان کو آج پیغام مل گیا، یہ لوگ ہماری خواتین کو نہیں توڑ سکے تو ہمارے کارکنوں کو کیا توڑیں گے۔صدر پی ٹی آئی کے پی نے کہاکہ عمران خان جب بھی کال دیں گے ہم تیاری کے ساتھ بڑی تعداد میں نکلیں گے۔ 26 نومبر کو ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا ہمیں اداروں سے اس کی امید نہیں تھی۔
جنید اکبر نے کہاکہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ ان لوگوں کو پارلیمنٹ تو دے سکتے ہیں، لیکن دلوں پر راج نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ مضبوط پاکستان کے لیے مضبوط ادارے ہونے چاہییں، لیکن یہ تب ہوتا ہے جب اداروں کے پیچھے عوام ہوں۔جنید اکبر نے کہاکہ اداروں نے حکومت کی صورت میں جو بندوق اپنے اپنے کندھوں پر رکھی ہے یہ ان کے لیے بھی بہت خطرناک ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا اور ہماری بات دنیا تک پہنچی۔8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر احتجاج اور یوم سیاہ کی کال پر ہفتہ کے روز صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا ہے، جلسہ گاہ میں 80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے، لائٹنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور 8 ہزار سے زیادہ کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 1400 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ۔
پاکستان کی سیاست عمران خان کے بغیر نہیں چل سکتی، بیرسٹر گوہر
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ عمران خان جلد عوام کے درمیان ہوں گے، کیسز بنانے والوں نے ہر حربہ کرکے دیکھ لیے لیکن عوام کے دلوں سے محبت نہیں نکال سکے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ملک اور جمہوریت کی خاطر بات عمران خان نے مذاکرات کی بات کی لیکن اس سے کچھ نہیں نکل سکا۔بیرسٹر گوہر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ایک سال بعد پھر تاریخ رقم کردی ہے، پاکستان کی سیاست عمران خان نیازی کے بغیر نہیں چل سکتی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ عمران خان نے کہاکہ ہم فوج کی قربانیوں کا برملا اعتراف کرتے ہیں، لیکن فوج اور عوام کے درمیان خلیج نہیں بڑھنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ آج ملک بھر میں عوام احتجاج کررہے ہیں، یہ محب وطن ہیں، ان کی آواز کو سننا ہوگا۔
مل کر رجیم تبدیل کریں گے، عمر ایوب
ادھر قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عوام نے ووٹ عمران خان کو دیا تھا لیکن راتوں رات ایجنسیوں اور نگران حکومت نے نتائج تبدیل کیے اور ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ بلوچستان کے 8 اضلاع میں قومی ترانہ نہیں گایا جا رہا، جھنڈا نہیں لہرایا جا رہا۔ ہم مل کر اس رجیم کو تبدیل کریں گے۔8فروری کو اپنے ووٹ عمران خان کو دیا تھا لیکن رات و رات ایجنسیوں اور نگران حکومت نے نتائج تبدیل کیے اور ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔ بلوچستان کے 8 اضلاع میں قومی ترانہ نہیں گایا جا رہا، جھنڈا نہیں لہرایا جا رہا۔ ہم مل کر اس رجیم کو تبدیل کریں گے۔
آج کا یوم سیاہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، علی امین گنڈاپور
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ قوم اپنے مینڈیٹ پر ڈالے گئے تاریخی ڈاکے کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ آج کا یوم سیاہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ عوام بھی احتجاج میں شریک ہیں۔ 17 نشستیں جیتنے والی پارٹی کو اقتدار دے کر اردلی حکومت ملک پر مسلط کر دی گئی۔ دنیا بھر اور ملکی تاریخ کے سب سے دھاندلی زدہ انتخابات کو فری اینڈ فئیر قرار دیا گیا، جبکہ فارم 47 کی بنیاد پر بنی نااہل حکومت نے پاکستان کے ہر ادارے کو تباہ کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 26 نومبر اور 9 مئی کے واقعات میں ملوث حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے سے خوفزدہ ہے، کیونکہ جوڈیشل کمیشن کے قیام سے تمام حقیقت سامنے آ جائے گی اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے گا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی شہریوں سے اپیل
اسلام آباد انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستے جن میں سرینہ، نادرا، میریٹ ہوٹل، ایکسپریس چوک اور ٹی کراس بری امام عارضی طور پر بند ہیں۔ٹریفک پولیس اور اسلام آباد انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی سفری دشواری سے بچنے کے لیے متبادل کے طور پرمارگلہ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس رہنمائی کے لیے مصروف عمل ہے۔