اپوزیشن جماعتوں کا آئین و قانون کی بالادستی کے لیے مل کر جدوجہد کرنے کا اعلان
اپوزیشن جماعتوں نے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور عوام کی حکمرانی کے لیے مل کر جدوجہد کرنے کے لیے آئندہ چند روز میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ون پوائنٹ ایجنڈے پر اکٹھا کرنے کا اعلان کیا ہے۔جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کے فیصلہ سنائے جانے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کے گھر پر منعقد ہوا، جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں محمود خان اچکزئی، شاہد خاقان عباسی، عمرایوب اوراسد قیصر نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ہم شاہد خاقان عباسی کے شگرگزار ہیں کہ انہوں نے ہماری مہمان نوازی کی، آج اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، آزاد عدلیہ، عوام کی حکمرانی اور حقیقی جمہوریت کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے۔اسد قیصر نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اس بات پربھی اتفاق کر لیا ہے کہ آئندہ چند روز میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ون پوائنٹ ایجنڈے پراکٹھا کیا جائے تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ ملک کو درست سمت کیسے آگے لے کرجانا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان کو دی جانے والی سزا بقول ان کے عدلیہ کے چہرے پر ایک ’سیاہ دھبہ‘ ہے، میڈیا اور ایم این ایز پہلے سے ہی سزا سے متعلق کہہ رہے تھے، اگر ملک میں اس طرح کے فیصلے ہوتے رہے تو پھر یہ ایک ’بنانا ری پبلک‘ ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ون پوائنٹ ایجنڈے پراکٹھا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہو گا، عمران خان کے حوالے سے مقدمہ جب اعلیٰ عدالتوں میں جائے گا تو بہت سی چیزیں سامنے آ جائیں گی، فیصلہ میرٹ پر نہیں ہوا، پی ٹی آئی اس فیصلے کے خلاف چند دنوں میں ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرے گی۔اسد قیصر نے کہا کہ جب تک پوری قوم آئین و قانون کی بالا دستی کے لیے متحد نہیں ہو گی یہ ملک آگے نہیں بڑھے گا، ہم نوجوانوں اور ملک کو مایوس نہیں کرنا چاہتے، ملک کو درست سمت ڈالنے کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف آنے والے فیصلے کے خلاف ہم سے جو بھی قانونی چارہ جوئی ممکن ہو سکی وہ کریں گے۔ اسد قیصر نے کہا کہ ہم پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے لیکن ہم کسی بھی دباؤ میں نہیں آئیں گے نا ہی عمران خان کے حوالے سے کوئی سمجھوتا کریں گے۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اور شاہد خاقان عباسی کے شکر گزار ہیں، آج جمعہ کو عمران خان کو سزا سنائے جانے کی بری خبر سامنے آئی ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آئین کی بالادستی کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے، سیاسی اور جمہوری لوگ آئین کی بالادستی کی تحریک میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اور شاہد خاقان عباسی کے شکر گزار ہیں، آج جمعہ کوعمران خان کو سزا سنائے جانے کی بری خبر سامنے آئی ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آئین کی بالادستی کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے، سیاسی اور جمہوری لوگ آئین کی بالادستی کی تحریک میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے مولانا فضل الرحمان صف اوؑل میں ہوں گےعمر ایوب نے کہا کہ آج پرچی فیصلہ آیا ہے، حکومت کا ٹیسٹ کیس ہے کہ وہ ہماری فوری عمران خان سے ملاقات کروائے۔