کرم میں دہشتگردوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کا منصوبہ، ٹی ڈی پیز کیمپ قائم
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا۔لوئر کرم کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف ممکنہ آپریشن کے پیش نظر ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ٹل اور ہنگو میں متاثرین کے لیے ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹل ڈگری کالج، ٹیکنیکل کالج، ریسکیو اور عدالت کی عمارت میں کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹی ڈی پیز کیمپ قائم کرنے کے لیے صوبائی محکمہ ریلیف کو خط ارسال کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کیمپوں کے قیام کا مقصد آپریشن کے دوران مقامی آبادی کا تحفظ ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔واضح رہے کہ کرم میں قیام امن کے لیے متحارب قبائل کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا، تاہم اس کے بعد بھی دہشتگردی پر کنٹرول نہیں کیا جاسکا۔گزشتہ روز لوئر کرم میں اشیائے خورونوش لے جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے، جبکہ حملے میں 5 ڈرائیوروں سمیت 6 لاپتا افراد کی لاشیں آج ملی ہیں۔