190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ، اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات
سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر امن عامہ کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی پولیس نے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔راولپنڈی پولیس کے مطابق سیکیورٹی پلان کے مطابق اڈیالہ جیل کے اطراف کی نگرانی ایس پی صدر نیبل کھوکھر کریں گے، ایس ڈی پی او صدر دانیال رانا کو سیکیورٹی انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
ایس ایچ او صدر اعزاز عظیم سیکیورٹی انتظامات کے سب انچارج مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ایس ایچ او تھانہ چونترہ ثاقب عباسی، انسپکٹر محمد سلیم انچارج چوکی اڈیالہ کے فرائض انجام دیں گے۔ اڈیالہ جیل کے اطراف میں 6 تھانوں کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی امور کی نگرانی کے لیے ایلیٹ اور ڈولفن فورس بھی تعینات کی گئی ہے۔انسپکٹر نسرین بتول کی زیر نگرانی سکیورٹی امور کے لیے خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔ ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او سیکیورٹی امور کی نگرانی کے لیے تمام فورس کو بریف کریں گے۔ سیکیورٹی معاملات پر نظر رکھنے کے لیے سادہ کپڑوں میں نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔