انڈر-19 ایشیاکپ؛ پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی
انڈر-19 ایشیاکپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے دیئے گئے ہدف 260 کو تین اوورز پہلے ہی پورا کرکے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی بیٹر اذان اویس نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا جب کہ اوپنر شاہ زیب خان کے 63 اور سعد بیگ کے 68 رنز نے ہدف کو اور آسان بنادیا۔سعد بیگ بھی ناقابل شکست رہے۔ پاکستانی بلے بازوں کے سامنے بھارتی باؤلر کی ایک نہ چلی۔ صرف مروگن ابھیشیک 2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوسکے لیکن انھوں نے بھی 6 رنز کی اوسط سے 55 رنز کھائے۔اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے تھے۔ اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، ارشین کلکرنی 24 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے جبکہ رودر پٹیل ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔تیسری وکٹ کی شراکت میں آدرش سنگھ اور بھارتی کپتان ادے سہارن 94 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم آدرش 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مشیر خان 2، ارویلی اویناش 11، مروگن ابھیشیک 4 اور راج لمبانی 7 رنز بناسکے۔میچ کے اختتامی اوورز میں سچن داس نے 3 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے محمد ذیشان نے 4، عبید شاہ اور عامر حسن 2،2 جبکہ عرفات منہاس نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سعد بیگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ کامیابی سمیٹ کر جیت کر تسلسل کو برقرار رکھیں۔اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان ادے سہارن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے تاکہ بڑا ہدف دے سکیں۔دوسری جانب گروپ بی کی دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔
پاکستان اسکواڈ
کپتان سعد بیگ، شاہ زیب خان، اذان اویس، شمائل حسین، ریاض اللہ، عرفات منہاس، علی اسفند، عامر حسن، عبید شاہ، محمد ذیشان، طیب عارف، نجب خان، نوید احمد خان، احمد حسین، خبیب خلیل
بھارت کا اسکواڈ
کپتان ادے سہارن، ارشین کلکرنی، آدرش سنگھ، رودر پٹیل، سچن داس، مشیر خان، ارویلی اویناش، سومی پانڈے، مروگن ابھیشیک، راج لمبانی، نمن تیواری، پریانشو مولیا، آرادھیا شکلا، انیش مہاجن، دھنوش گوڑا