ملک بھر میں پاراچنار کے محاصرے کے خاتمہ کے لئے دھرنے جاری
مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک بھر کے بڑے شہروں میں دھرنے جاری ہیں۔مظلومین پارا چنار کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے لاہور پریس کلب "کراچی میں جعفر طیار سوسائٹی "ملیر سوسائیٹی "نمائش چورنگی کراچی”جھنگ "ملتان "کوٹ آدو اور آزاد کشمیر میں دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ لاہور پریس کلب کے باہردھرنے کی شرکا نے صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ سید علی اکبر کاظمی کی اقتداء میں نماز فجر ادا کی۔ اس موقع پر وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار میں بھی شہداء کے لواحقین سراپا احتجاج ہیں اور پریس کلب کے باہر دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا ہمارا یہ دھرنا ان شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے ہے۔ ان مظلومین پارا چنار کے مطالبات کی منظوری تک ہمارا یہ دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں ںے کہا کہ یہ دھرنا لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں جاری ہیں۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ آج اگر پاراچنار کے مظلومین کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو بڑے شہروں کیساتھ ساتھ آج پاکستان کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر دھرنے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار کے راستوں کی بندش کو تین ماہ ہونے والے ہیں، یہ عجیب حکومت ہے جو چند مٹھی بھر تکفیروں کے سامنے بے بس ہے اور راستے نہیں کھلوا رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ نہ صرف راستے کھلوائے جائیں بلکہ محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے حفاظتی فورس بھی بنائی جائے۔