دھمکی پر پاناما کے صدر کا ٹرمپ کو جواب
پاناما کے صدر نے پاناما کینال پر کنٹرول کی دھمکی پر امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دے دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاناما کے صدر ہوزے راؤل ملینو نے کہا ہے کہ پاناما کی آزادی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاناما کینال کی انتظامیہ پر چین کا کوئی اثرو رسوخ نہیں ہے۔پاناما کے صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریٹ کسی خواہش پر مقرر نہیں کیے گئے، کینال پاناما کی ملکیت ہے۔
دوسری جانب امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاناما پر حد سے زیادہ چارجز لگانے کا الزام دیتے ہوئے پاناما کینال پر کنٹرول کی دھمکی دے دی۔ایک تقریب سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہنا تھا کہ پاناما کینال کو ’غلط ہاتھوں‘ میں نہیں جانے دیں گے، ہم پاناما کینال پر دھوکا کھا رہے ہیں، جیسے ہمیں ہر جگہ دھوکا دیا جا رہا ہے۔انہوں نے تھا کہا کہ اصولوں پر عمل نہ ہوا تو امریکا جلدی اور بغیر کسی سوال کے کینال واپس لے لے گا۔واضح رہے کہ امریکا نے پاناما کینال کی تعمیر اور اس سے منسلک علاقے کا انتظام کئی دہائیوں تک سنبھالے رکھا تھا تاہم 1999ء میں مکمل طور پر اس کا کنٹرول پاناما کو سونپ دیا گیا تھا۔