حکومت، پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اہم ان کیمرا اجلاس آج اسپیکر چیمبر میں ہوگا

23002229fd70181.jpg

وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات سے متعلق فریقین کی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا۔رپورٹ کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ان کیمرا اجلاس دن ساڑھے 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا۔اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے ان کیمرہ اجلاس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جب کہ اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کی کمیٹیوں کے اراکین کو بھی نوٹس کے ذریعے آگاہ کردیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی میں نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحٰق ڈار، سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ اور سینیٹر عرفان صدیقی شامل ہیں جب کہ پیپلزپارٹی سے راجا پرویز اشرف، نویدقمر بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔اس کے علاوہ حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی، استحکام پاکستان پارٹی سے علیم خان، مسلم لیگ (ق) سے چوہدری سالک اور بلوچستان عوامی پارٹی سے سردار خالد مگسی شامل ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم میں عمرایوب، علی امین گنڈاپور، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجا اور اسدقیصر شامل ہیں۔یاد رہے کہ 2 روز قبل بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم سے حکومتی مذاکراتی ٹیم تشکیل دینے کی درخواست کی تھی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام ختم ہونا چاہیے، مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے، حکومت معاملات کو حل کرنا چاہتی ہے اور یہ کہ سیاسی عدم استحکام ختم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے اسپیکر کے بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس کردار کو تسلیم کیا ہے جب کہ بیرسٹر گوہر کی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز کو تسلیم کرتا ہوں۔اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اختلافات ختم کرنے کے لیے بات چیت ضروری ہے اور اس کے لیے میرا دفتر ہر وقت حاضر ہے۔ایاز صادق کے اس بیان سے ایک روز قبل اسمبلی کے اجلاس کے دوران شیر افضل مروت نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ میڈیا پر مذاکرات کی بات کی جاتی ہے اور یہاں کہتے ہیں مذاکرات نہیں ہو رہے، قوم کے سامنے جھوٹ بولا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے