امریکی پابندیوں کا پاکستان پر زیرو اثر ہوگا: ملیحہ لودھی
اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہےکہ امریکی پابندیوں کا پاکستان پر اثر زیرو ہوگا۔جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ امریکا کی پابندیاں کوئی نئی چیز نہیں اور نہ ایسی چیزوں سے پاکستان پر کوئی اثر پڑتا ہے، پاکستان نے جب سے جوہری پروگرام کی کوشش کی امریکا نے پابندیاں لگائیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا نے بھارت پر کبھی اس قسم کی پابندی نہیں لگائی، ان کا میزائل پروگرام تو بہت ایڈوانس ہے، یہ امریکا کا امتیازی رویہ ہے، ان پابندیوں کا پاکستان پر اثر زیرو ہوگا۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کی ترجیحات میں شامل نہیں، ٹرمپ کی خارجہ پالیسی میں چین اہم ہوگا اور جب سے امریکا افغانستان سے نکلا ہے تب سے پاک امریکا تعلقات دوراہے پر کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے پاکستان سے امتیازی سلوک پر کوئی پاکستانی حمایت نہیں کرسکتا، پاکستان کے جوہری پروگرام پر نہ کوئی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہوسکتی ہے نہ ہونی چاہیے۔